کراچی( نمائندہ خصوصی) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈڈیولپرز(آباد) کے سابق چیئرمین عارف یوسف جیوا کو وفاقی ایونہائے صنعت وتجارت(ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات برائے سال 2023 کے لیے سینئر نائب صدر کے لیے ایف پی سی سی آئی کے دونوں گروپوں کی جانب سے متفقہ امیدوار بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ عارف جیوا یونائیٹڈ بزنس گروپ کی جانب سے فیڈریشن الیکشن میں نامزد کردہ سینئر نائب صدر کے امیدوار ہیں تاہم عارف جیوا کو ایف پی سی سی آئی میں برسر اقتدار گروپ بزنس مین پینل کے ممبران کی ایک بڑی تعداد بھی پسند کرتی ہے۔بزنس کمیونٹی کے گزشتہ ہونے والے اجلاس میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے چیئرمین سندھ ریجن اور سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی خالد تواب نے کہا کہ عارف جیوا کی ماضی میں بطور نائب صدر ایف پی سی سی آئی شاندار کارکردگی کا مدنظر رکھتے ہوئے مخالف گروپ کو بھی ان کے مقابل اپنا امیدوارنامزد نہیں کرنا چاہیے۔ بلکہ عارف یوسف جیوا کو ایف پی سی سی آئی کے الیکشن برائے 2023 کے لیے سینئر نائب صدر کے عہدے کیلیے متفقہ امیدوار ہونا چاہیے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق فیڈریشن میں برسر اقتدار بزنس مین پینل میں ایک بڑی تعداد میں ممبران عارف جیوا کے لیے سوفٹ کارنر رکھتے ہیں۔ذرائع کے مطابق 2 سال قبل جب عارف یوسف جیوا ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں نائب صدر کا انتخاب لڑے تھے تب بھی بزنس مین پینل کے بیشتر حامیوں نے عارف جیوا کے حق میں ووٹ کاسٹ کیا تھا۔ واضح رہے کہ عارف یوسف جیوا کو یونائیٹڈ بزنس گروپ نے سینئر نائب صدر کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ عارف یوسف جیوا ایسی شخصیت ہیں جو فیڈریشن میں تمام لوگوں کے لیے متفقہ امیدوار ہوسکتے ہیں۔عارف جیواکی بطور چیئرمین آباد بلڈرز اور ڈیولپرز کے لیے خدمات اور بطور فیڈریشن کے نائب صدر بزنس کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔