کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگران صوبائی وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ تین ماہ کے قلیل عرصہ میں ہم نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ماسٹر پلان، کے ڈی سے سمیت دیگر اداروں سے سسٹم کے نام کا نہ صرف خاتمہ کیا ہے بلکہ عوام کی سہولیات کے لئے ان اداروں میں ایسے اقدامات بھی کئے ہیں کہ اس کا براہ راست ان کو فائدہ ہو۔ الزامات لگانا بہت آسان ہوتا ہے لیکن اس کو ثابت کرنا آسان نہیں ہوتا۔ آباد کو ایس بی سی اے میں ڈیسک فراہم کرنے کا مقصد صرف اور صرف بلڈرز اور آباد کے درمیان جو سر جنگ تھی اس کا خاتمہ کرنا ہے اور اس ڈیسک سے عام عوام بھی فائدہ حاصل کرسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ایس بی سی اے میں آباد کے لئے ڈیسک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو، ای ڈی جی بینش شبیر، مشتاق سومرو، محمد رقیب، آصف رضوی، سمیع جملانی، فرحان قیصر، علی مہدی، عرفان نقوی، ندیم احمد، ریحان خان جبکہ آباد کے چیئرمین محمد آصف سم سم، حسن بخشی، الطاف طائی، محمد ذیشان، فیاض علی، محمد علی اور دیگر آباد کے عہدیداران اور ممبران بھی موجود تھے۔ تقریب۔ سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے کہا کہ جب سے نگراں حکومت آئی ہے ہماری اولین ترجیح عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آباد سے پہلے ہی اجلاس میں جو جو ان کی جائز ڈیمانڈ تھی اس میں سے 90 فیصد سے زائد کو اس قلیل عرصہ میں مکمل کردیا گیا ہے اور باقی مانندہ بھی پائپ لائن میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آباد اور ایس بی سی اے مابین ہم آہنگی کا براہ راست عوام کو فائدہ ہوگا کیونکہ جب بلڈرز قانون کے دائرے میں کام کرے گا اور ایس بی سی اے قانون کے مطابق نقشہ منظور کرے گا تو پھر کوئی جواز نہیں کہ کوئی سسٹم اس میں مداخلت کرسکے۔ اس موقع پر آصف سم سم نے کہا کہ یہ واحد سندھ حکومت ہے جو پہلے کام کرتی ہے اور بعد میں اعلان کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد مبین جمانی نے آباد کے ساتھ کئے تمام وعدوں کو نہ صرف پورا کیا ہے بلکہ اس کو عملی جامہ بھی پہنایا ہے۔ آصف سم سم نے کہا کہ میں محترم وزیر اور ایس بی سی اے کے تمام افسران کو اس بات کی مکمل یقین دہانی کرواتا ہوں کہ اس شہر اور صوبے کی ترقی، یہاں کے عوام کے رہائشی مسائل کو حل کرنے اور اس شہر اور صوبے کو ایک مثالی صوبہ بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے کہا کہ میری تین ماہ کے دوران بھرپور کوشش رہی کہ آباد اور ایس بی سی اے دونوں ایماندارانہ اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کریں اور اس کی اصل وجہ اس کا براہ راست فائدہ عام عوام کو ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایس بی سی اے میں کیا ہوتا رہا ہے اس کا میں کوئی ذکر نہیں کروں گا البتہ میری وزارت میں جو ہوگا یا ہوا اس کا میں مکمل ذمہ دار ہوں۔ مبین جمانی نے سوالات کے جواب میں کہا کہ یہ ڈیسک قائم کرنے کا میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں بلکہ اس سے آباد کے بلڈرز، عام آدمی جو مکان تعمیر کرنا چاہتا ہو ان کو فائدہ ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الزام لگانا بہت آسان ہے لیکن اس کو ثابت کرنا آسان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی کہا گیا کہ میں نے گھر نہ توڑنے کے عوض پیسہ مانگیں ہیں اور جب ان سے پوچھا گیا کہ کون تھے تو وہ مکر گئے۔ مبین جمانی نے کہا کہ میں یہ دعوی نہیں کرتا کہ سب کچھ ایماندارانہ طور پر ہورہا ہے لیکن یہ ضرور دعوی کرسکتا ہوں کہ اوپر کے لیول پر کوئی کرپشن نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس نہ تو جادو کی چھڑی ہے اور نہ کوئی چراغ کہ تمام غیر قانونی کام نظر آجائیں البتہ جو جو شکایات اور جہاں جہاں یہ غیر قانونی کام ہورہا ہے اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ کوئی بلڈر کوئی پروجیکٹ شروع کرتا ہے تو اس کی نوٹیفائیڈ قمیت عوام میں تشہیر کرے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا شکایتی نمبر دیا ہے اگر کسی کو شکایات ہیں تو وہ اس پر شکایات درج کرے اس پر ایکشن ہوگا اور ایسا ہو بھی رہا ہے۔ بعد ازاں نگران صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے ایس بی سی اے میں آباد کے ڈیسک کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا