کراچی ( اسپورٹس رپورٹر اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پشاور زلمی نے پانچویں مرتبہ ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ کراچی میں کھیلے جانے والے کوالیفائر میں پشاور زلمی کے 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام
آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 151رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، زلمی نے مقرر20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔کپتان بابر اعظم نے پی ایس ایل میں اپنی چوتھی سنچری اسکور کی۔ وہ 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں4چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔ کوشل مینڈس 41، محمد حارث 35 اور ایرون ہارڈی 20 رنز بنا کر نمایاں ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3 وکٹیں لیں، رچرڈ گلیسن نے دو جبکہ سلمان مرزا اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ لی۔ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کا آغاز جارحانہ رہا جہاں پہلی وکٹ پر ڈیون کونوے اور سمیر منہاس نے 58 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔پانچویں اوور کے اختتام پر ڈیون کونوے
20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی باگ ڈور سمیر منہاس کے ساتھ محمد محسن نے سنبھالی، تاہم سمیر کے 44 رنز اور محسن کے 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی وکٹیں وقفے وقفے کے ساتھ گرتی رہیں، اختتامی لمحات میں عماد وسیم نے 22 رنز بنائے جو ٹیم کی جیت کیلئے ناکافی تھے۔ پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 3، صفیان مقیم اور محمد باسط نے 2، 2 جبکہ خرم شہزاد نے ایک وکٹ لی:اس میچ میں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ جب شائقین آتے ہیں تو بہت خوشی ہوتی ہے، میچ میں مزہ آئے گا۔پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پچ کافی خشک لگ رہی ہے،
اچھا اسکور بنانے کی کوشش کریں گےانہوں نے یہ بھی کہا کہ بہت اچھا لگا کہ تمشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی، کوشش ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں تاکہ تماشائیوں کو لطف اندوز ہونے کا موقع ملے۔اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل کےلیے کوالیفائی کرجائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم فائنل کیلئے ایلیمنیٹر 2 میں ایلیمنیٹر 1 کی فاتح ٹیم کے مدمقابل ہوگی۔خیال رہے کہ 17 پوائنٹس کے ساتھ پشاور زلمی کی ٹیم نے گروپ میں پہلی پوزیشن جبکہ 13 پوائنٹس کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کی دوسری پوزیشن رہی۔