لاہور۔(اسپورٹس رپورٹر):پاکستان کرکٹ بورڈ نے کے 11ویں ایڈیشن کے لیے مقامی اور بین الاقوامی براڈکاسٹرز کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 26مارچ سے لاہور میں ہوگا اور یہ 3مئی تک جاری رہے گا، جس کے میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 44میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلی بار آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ای ایس پی این کے ذریعے میچز براہ راست نشر کیے جائیں گے جبکہ بنگلہ دیش میں ٹی سپورٹس اور ٹیپ میڈ، اور مشرق وسطی و شمالی افریقہ میں کرک بز، سوئچ ٹی وی، کرک بز ٹی وی (ای لائف) اور اسٹارز پلے میچز نشر کریں گے۔سری لنکا میں شائقین ٹیپ میڈ اور ڈائیلاگ ٹی وی کے ذریعے میچز دیکھ سکیں گے، جبکہ نیپال میں بھی ٹیپ میڈ پر براہ راست
نشریات دستیاب ہوں گی۔ برطانیہ میں اے آر وائی ڈیجیٹل اور اے آر وائی پلس میچز نشر کریں گے، جبکہ امریکا اور کینیڈا میں ولو ٹی وی اور ولو اسپورٹس کے ذریعے میچز دکھائے جائیں گے۔ دنیا کے دیگر حصوں میں بھی ٹیپ میڈ اسٹریمنگ فراہم کرے گا۔پاکستان میں لاکھوں کرکٹ شائقین پاکستان ٹیلی ویژن، اے سپورٹس، جیو سپر اور ٹین سپورٹس پر میچز دیکھ سکیں گے جبکہ آن لائن اسٹریمنگ کے لیے ٹیپ میڈ، تماشہ اور مائیکو دستیاب ہوں گے۔براڈکاسٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے 30سے زائد کیمروں کا استعمال کیا جائے گا،جس میں اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں اعلی معیار کی کوریج فراہم کی جائے گی۔ اردو نشریات کو اب تک کی سب سے جامع کوریج قرار دیا جا رہا ہے جس میں خصوصی کیمرہ اینگلز، ری پلے، اسٹوڈیو شوز اور ہائی لائٹس شامل ہوں گی۔کوریج میں ہاک آئی اور ڈی آر ایس کی جدید سہولیات، آف دی بیٹ ویژولائزیشن اور بایو مکینکس بھی شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ لائیو پلیئر ٹریکر، آگمینٹڈ ریئلٹی اور ورچوئل ریئلٹی گرافکس بھی نشر کیے جائیں گے، جبکہ اسپائیڈر کیم اپنی پرواز فیچر کے ساتھ ایک بار پھر ایکشن کا حصہ ہوگا۔
