کولمبو( نمائندہ خصوصی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں شکست پر بہت باتیں ہو رہی ہیں لیکن ٹیم کا فوکس کسی ایک میچ پر نہیں بلکہ ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے پر ہے۔شاداب خان نے یہ بات نمیبیا کے خلاف 102 رنز سے جیت کے بعد پریس کانفرنس میں کہی اور بتایا کہ ٹیم نے آج کے میچ کو ہرگز آسان نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق کرکٹرز اپنی رائے دے سکتے ہیں لیکن وہ بھی ورلڈکپ میں وہ کچھ نہیں کر سکے جو ہم نے کر دکھایا ہے۔ یاد رکھیں، ہم نے
پہلے بھی ورلڈکپ میں بھارت کو شکست دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم پراسیس پر کام کر رہی ہے اور جو اچھی چیزیں کر رہی ہے، انہیں جاری رکھنا ضروری ہے۔شاداب نے بیٹنگ اور فارم میں آنے والے کھلاڑیوں کی تعریف بھی کی اور کہا کہ صاحبزادہ فرحان بہت اچھی فارم میں ہیں۔شاداب خان نے سپر 8 مرحلے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ مرحلہ مشکل ہوگا اور پریشر والے میچز ہوں گے۔ کنڈیشنز کے لحاظ سے تبدیلیاں معمول کی بات ہیں۔ ٹی 20 کرکٹ میں آج کل زیادہ آل راؤنڈرز کی ضرورت ہوتی ہے، تجربات زیادہ کرنے کی بات نہیں ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت نمیبیا کو 200 رنز کا ہدف دیا گیا، نمیبیا کی ٹیم صرف 97 رنز حاصل کر پائی۔ شاداب خان نے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان طارق نے 16 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
