کراچی(نمائندہ خصوصی) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہا ہے کہ قرآنِ مجید اور احادیثِ مبارکہ کی تعلیمات کا جدید سائنس سے گہرا تعلق ہے، جامعہ بنوریہ عالمیہ اور جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) کے ذیلی ادارے حلال سرٹیفکیشن، ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سروسز (HCTRS) کے درمیان تعاون ایک تاریخی پیش رفت ہے، جو اسلام اور جدید سائنس کے باہمی ربط کو مزید مستحکم کرے گا۔وہ ایل ای جے نیشنل سائنس انفارمیشن سینٹر، آئی سی سی بی ایس میں منعقدہ تقریبِ تقسیمِ اسناد سے بطور
مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ میں حلال گورننس اور فقہ الحلال انڈسٹری کے ماڈیولز 1، 2 اور 3 کی تخصصی اسناد تقسیم کی گئیں،تقریب سے آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر آئی سی سی بی ایس کے اساتذہ اور حکام، جن میں انچارج ایچ سی ٹی آر ایس پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف اور جنرل منیجر ایچ سی ٹی آر ایس مفتی ڈاکٹر سید عارف علی شاہ شامل تھے ۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کی جانب سے نائب صدر شیخ فرحان نعیم ،ڈائریکٹر ایفلی ایشن اینڈ ایکریڈیشن شاہد نوید ، کلیۃ الحدیث بنوریہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سروادہ (یوگنڈا ) سمیت جامعہ کے 20 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے تقریب میں شرکت کی،ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی تاریخ سائنسی ترقی سے گہرے طور پر وابستہ رہی ہے اور مسلم تہذیب نے دنیا کو ایسے عظیم سائنس دان عطا کیے جنہوں نے جدید علوم کی بنیادیں استوار کیں۔ انہوں نے کہا کہ جابر بن حیان کو علمِ کیمیا کا بانی اور اولین معمار قرار دیا جاتا ہے، جبکہ محمد بن موسیٰ الخوارزمی نے علمِ الجبرا کی بنیاد رکھ کر ریاضی کے میدان میں انقلاب برپا کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے درمیان یہ علمی تعاون مذہب اور سائنس کے درمیان فاصلے کم کرنے، تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ دینی تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، انہوں نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے طلبہ کے لیے مفید اور معیاری تعلیمی ماڈیولز کے انعقاد پر آئی سی سی بی ایس کی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا،آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے مہمانِ خصوصی، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے اساتذہ اور طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کے شعبہ جات بھی سرگرم عمل ہےقابل تحسین خدمات انجام دے رہاہے ، آئی سی سی بی ایس عالمِ اسلام کے ممتاز تحقیقی اداروں میں شمار ہوتا ہے اور مختلف سائنسی شعبوں میں اس کی نمایاں کامیابیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا ہے،انہوں نے کہا کہ حلال سرٹیفکیشن، ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سروسز (HCTRS) نے پاکستان میں حلال سرٹیفکیشن کے شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی ایکریڈیٹیشن اداروں سے متعدد اسناد حاصل کی ہیں، جو ایک اہم سنگِ میل ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ادارہ جانوروں سے حاصل ہونے والی غذائی مصنوعات (ذبح، گوشت اور گوشت سے تیار کردہ مصنوعات)، نباتاتی غذائیں، مشروبات، پراسیسڈ فوڈز، فوڈ سروسز، برآمد و درآمد کی لاجسٹکس، تقسیم، ریٹیل، نقل و حمل، پیکیجنگ، اسٹوریج اور معاون خدمات سمیت مختلف شعبوں میں حلال سرٹیفکیشن کی خدمات فراہم کر رہا ہے،تقریب کے اختتام پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مختلف کورسز کامیابی سے مکمل کرنے والے 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے 70 سے زائد طلبہ میں مہمانِ خصوصی ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم اور آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے تخصصی اسناد تقسیم کیں۔

