اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بیلجیم کے قومی دن کے موقع پر شاہ فلپ، حکومتِ بیلجیم اور وہاں کے عوام کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام بھیجا ہے۔اپنے ایک خصوصی بیان میں وفاقی وزیر نے پاکستان اور بیلجیم کے دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور
تعاون پر مبنی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہوئے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقتصادی، تجارتی، تعلیمی اور عوامی روابط سمیت متعدد اہم شعبوں میں بیلجیم کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا شدید خواہاں ہے۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ بیلجیم یورپی یونین میں پاکستان کا ایک نہایت اہم شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون، تجارت اور معاشی پیشرفت کے نئے مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر ریلوے نے پاکستان اور بیلجیم کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مزید استواری، عالمی امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

