اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا اور یادگارِ شہدا پر حاضری دے کر وطنِ عزیز کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے وا لوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔پاکستان مونومنٹ آمد پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے معزز مہمان کا پرتقاک استقبال کیا۔ اس موقع پر فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے ایرانی وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی۔ایرانی وزیر داخلہ نے یادگارِ شہدا پر پھولوں
کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو اعتراف کرتے ہوئے خاموشی اختیار کی۔بعد ازاں ایرانی وزیر داخلہ کو پاکستان مونومنٹ کے تاریخی پس منظر، فنِ تعمیر اور پاکستان کے ثقافتی ورثے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ معزز مہمان نے یادگارِ شہدا اور پاکستان مونومنٹ کی تاریخی اور قومی اہمیت کو سراہا۔دورے کے دوران انہوں نے شکر پڑیاں سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی خوبصورتی اور دلکش مارگلہ پہاڑی سلسلے کا نظارہ بھی کیا۔اس موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا اور ڈی آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر اعلیٰ سول و پولیس افسران بھی موجود تھے۔

