کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی)رکنِ صوبائی اسمبلی؛ بلوچستان عوامی پارٹی کے شعبہ خواتین کی سربراہ اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے پوڈ کاسٹ میں مسئلۂ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سمیت قومی مسائل کا پائیدار حل کسی بیرونی طاقت سے وابستہ نہیں، بلکہ ملک کے اندر مضبوط اور مؤثر نظام کی
تشکیل سے ممکن ہے۔وہ سمجھتی ہیں کہ کوئی باہر سے آ کر ہمارے مسائل حل نہیں کرے گا، اس لیے نظام میں بہتری لانے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنی گزشتہ غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور ایسے فیصلے کرنے چاہییں جو عوام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں ہوں۔اگر سیاسی جماعتیں صرف اپنے مفادات کو ترجیح دیتی رہیں اور عوامی مسائل کو نظر انداز کیا جاتا رہا، تو ایسی صورتِ حال میں خود بخود کوئی تیسری سیاسی قوت ابھر کر سامنے آ جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں اور ذاتی یا جماعتی مفادات کے بجائے عوام کے حقوق، قومی یکجہتی اور بالخصوص مسئلۂ کشمیر سمیت قومی معاملات پر ذمہ دارانہ اور عوام دوست فیصلے کرنے چاہییں۔

