لاہور ( نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے چڑیا گھروں اور وائلڈ لائف پارکس میں جانوروں کو گرمی سے بچانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے24 گھنٹے پانی اور ٹھنڈک کی فراہمی کے لیے محکمہ جنگلی حیات کو خصوصی انتظامات کا حکم دیا تھا۔ لاہور سفاری پارک میں زرافوں
کو گرمی سے بچانے کے لیے آئس فروٹ پاپس کی تربیت، تمام پارکس میں سمر گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب نے باضابط مراسلہ بھی جاری کیا،جس میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے ہنگامی اور موثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق ہر پنجرے، باڑے اور رہائشی حصے میں پینے کے صاف پانی کی چوبیس گھنٹے فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ خوراک اور پانی کو سایہ دار مقامات پر رکھا جائے۔ جانوروں کی تعداد کے مطابق مناسب شیڈز فراہم کریں، موسم کی شدت کے مطابق اضافی حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں۔ بندروں، ریچھوں اور شیروں سمیت گرمی سے زیادہ متاثر ہونے والے جانوروں کے لیے خصوصی انتظامات کیے
جائیں۔ جانوروں کے لیے مختص علاقوں کے اندرونی حصوں میں پنکھے نصب کیے جائیں۔ شدید گرمی کی صورت میں ایئر کولرز اور برف بھی فراہم کی جائے۔ پنجاب حکومت کے مراسلہ کے مطابق شیروں، ریچھوں اور بندروں کے لیے نہانے کے تالاب اور مختلف اقسام کے جانوروں کی ضرورت کے مطابق واٹرسپرنکلز بھی مہیا کیے جائیں۔ جانوروں کی اون تراشنے، گلوکوز اور وٹامن سی سمیت اینٹی اسٹریسرز کے استعمال اور ہیٹ اسٹریس کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کا بندوست کیا جائے۔ تمام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں کے انچارج سمر گائیڈ لائنز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ لاہور سفاری پارک میں زرافوں کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے آئس فروٹ پاپس کی فراہمی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ جانوروں کے ماہرین اور ویٹرنری ڈاکٹرز نے آئس فروٹ پاپس کی فراہمی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ جدید طریقہ جانوروں کی صحت، جسمانی ٹھنڈک اور ذہنی سرگرمی برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔
