سرگودھا ( نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے انسپیکشن ٹیم شعیب مرزا سرگودھا میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 8 سالہ کمسن بچی منتہا کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر شعیب مرزا نے غمزدہ والدین اور دیگر اہلِ خانہ سے ملاقات کی، مرحومہ منتہا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین
دلایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس افسوسناک واقعے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور حکومت پنجاب متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دلانے کے لیے متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔ شعیب مرزا نے کہا کہ ایسے المناک واقعات کی روک تھام اور انصاف کی بروقت فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا، "یہ مریم نواز شریف کی حکومت ہے، اس طرح کے درندہ صفت لوگوں کی کوئی جگہ نہیں۔ قانون حرکت میں آ چکا ہے اور مجرموں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی معصوم بچہ یا بچی ایسے سفاکانہ جرم کا نشانہ نہ بنے۔

