اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حج 2026 کے بہترین انتظامات کو عالمی سطح پر سراہے جانے کو پوری قوم کے لئے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خدمت، محنت اور دیانت کا یہی جذبہ قوموں کو عظیم بناتا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزارت مذہبی امور اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے حج 2026 کے منتظمین نے ملاقات کی اور انہیں بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نجی شعبے کے تین پاکستانی منظم اپنی اعلیٰ کارکردگی سے یہ ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر سعودی عرب کی حکومت کی طرف سےتین حج منتظمین کو لبیتم ایکسیلنس ایوارڈ (Labbaytum Excellence Award) سے نوازا گیا اور محمد عفان ذیشان کی المعراج منظم، محمد شاہد رفیق کی ابراہیم منظم اور زعیم اختر کی الفتاح منظم نے بالترتیب اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل
کی۔بریفنگ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل حج عبد الوہاب سومرو کو بھی شاندار کادکردگی پر لبیتم ایکسیلنس ایوارڈ (Labbaytum Excellence Award) دیا گیا۔ وزیر اعظم نے تینوں منظمین اور ڈی جی حج کو ایوارڈز ملنے اور اچھی کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے حج 2026 کے بہترین انتظامات پر وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف اور وزارت کے تمام افسران اور عملے کی پذیرائی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایوارڈز سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے دوران حج پاکستانی سرکاری اور نجی حج سکیموں کے تحت حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات کی تحسین اور پاکستان کے لئے اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں حج 2026 کے انتظامات کو عالمی سطح پر سراہا جانا پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے، خدمت، محنت اور دیانت کا یہی وہ جذبہ ہے جو قوموں کو عظیم بناتا ہے، اس خدمت سے آپ نے نہ صرف اللہ تعالی کی رحمت پائی بلکہ عازمین کی دعائیں بھی لیں اور پاکستان کا نام روشن کیا۔ وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آپ آئندہ سال حج کے انتظامات کے موقع پر اسی محنت، دیانت اور خدمت کا معیار نہ صرف برقرار رکھیں گے بلکہ اسے مزید بہتر بنا کر مزید ایوارڈز جیتیں گے۔ملاقات میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر برائے بین الصوبائی کوآرڈینیشن اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، سیکریٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ڈائریکٹر جنرل حج عبد الوہاب سومرو، المعراج منظم کے سی ای او محمد عفان ذیشان، ابراہیم منظم کے سی ای او محمد شاہد رفیق اور الفتاح منظم کے ڈی ای او زعیم اختر صدیقی شامل تھے۔

