اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے برگن سٹاک میں تکنیکی سطح کے مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مذاکرات کی کامیابی کے لئے مثبت پیش رفت کا سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور اتفاق کیا ہے کہ مذاکرات کے عمل کو نقصان پہنچانے والی کوششوں سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بدھ کے روز ٹیلیفون کیا۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان نہایت خوشگوار اور دوستانہ گفتگو ہوئی۔ امیرِ قطر نے وزیراعظم کو پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارکباد
دی جن کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہا اور پاکستان کی امن کوششوں کے لیے قطر کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے امیرِ قطر کا امن کی کوششوں میں مسلسل اور بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور قطر سمیت برادر ممالک کے اہم کردار کی بدولت ممکن ہوئی۔دونوں رہنمائوں نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن سٹاک میں ہونے والے تکنیکی سطح کے مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مثبت پیش رفت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ مذاکرات کامیاب ہو سکیں۔ اس سلسلے میں دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچانے کی کوششوں سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔امیرِ قطر نے راس لفان انڈسٹریل سٹی کی برزان گیس تنصیب میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم نے ان کی ہمدردی پر شکریہ ادا کیا اور قطر کی قیادت کی قطر میں مقیم پاکستانی برادری جس کی تعداد اب تین لاکھ سے زائد ہے، کی فراخدلانہ میزبانی کو سراہا۔ وزیراعظم نے رواں سال اپنے دورہ دوحہ کا ذکر کرتے ہوئے امیرِ قطر کو ایک بار پھر پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔امیرِ قطر نے رواں سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی تاکہ دوطرفہ تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔دونوں رہنمائوں نے آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

