کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی) رکنِ صوبائی اسمبلی بلوچستان نیشنل پارٹی ویمن ونگ کی سربراہ اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے ٹی وی چینل انٹرویو میں کہا کہ آج کا زمانہ جدید ہے، اور ہمیں اس حقیقت کو سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے تمام سرداروں، نوابوں اور روایتی رہنماؤں کے لیے ایک پیغام دیا: "جدید نظام کو سمجھیں، کیونکہ آج کے نوجوان کھیل کھیل میں بڑے کام کر جاتے ہیں، اور اب جھوٹ یا سازشیں چھپ
نہیں سکتیں۔ یہ نسل سوشل میڈیا کے ساتھ پروان چڑھی ہے، ہر حقیقت ان کے سامنے ہے اور ہر کام کا علم رکھتی ہے۔”محترمہ فرح عظیم شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ مضبوط رابطہ قائم کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ "ہمیں اپنی نسل کے ساتھ کنیکٹیوٹی بڑھانی ہوگی، انہیں سمجھنا ہوگا، اور ان کے ساتھ کام کرنا ہوگا تاکہ بلوچستان کی ترقی کو حقیقی شکل دی جا سکے۔”انہوں نے مستقبل کے حوالے سے امید کا پیغام دیتے ہوئے کہا، "جو لوگ کہتے ہیں کہ بلوچستان کا مستقبل خطرناک ہے، وہ غلط کہہ رہے ہیں۔ بلوچستان کا مستقبل روشن، چمکدار اور خوبصورت ہے۔ جلد ہی ہم دیکھیں گے کہ یہ صوبہ ترقی کے ہر میدان میں نمایاں ہوگا اور دنیا کے نقشے پر اپنی پہچان بنائے گا۔”

