اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یہاں ملاقات کی جس میں خیبرپختونخوا میں امن عامہ کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ منگل کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے
مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے وفاقی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ اور گورنر خیبر پختونخوا نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔دونوں رہنمائوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوا میں امن و استحکام کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔

