راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بنیادوں پر متعدد آپریشنزکے دوران بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے سترہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق 24 مئی 2026ء کو پیش آنے والے ٹرین واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر متعدد آپریشنز کیے۔ان آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو موثر انداز
میں نشانہ بنایا۔ شدید اور بھرپور فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے سترہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جس سے ان علاقوں میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور تیار شدہ دیسی ساختہ بم بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم طور پر ملوث تھے۔علاقوں کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’’عزم استحکام‘‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
