اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ 2013 سے نظام صحیح چل رہا تھا لیکن 2017 میں محمد نواز شریف کو جب عدلیہ کے ذریعے نکالا گیا تو کامیابی کا تسلسل ٹوٹا۔ پیر کو
سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف آج یہ بات کررہے ہیں کہ اگر کامیابی کا وہ سفر نہ رکتا تو گلگت بلتستان سمیت ملک میں مزید ترقی ہوتی۔انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت جانے لگی تو لوگ کہہ رہے تھے کہ ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے لیکن ہم نے معیشت کو اس صورتحال سے نکالا،آج معرکہ حق اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں کے ثمرات آرہے ہیں، انشاء اللہ یہ ملک معیشت سمیت ہر میدان میں آگے جائے گا۔
