کراچی۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ والدین کی محبت، قربانی اورتربیت مضبوط سماج کی بنیاد ہے۔پیر کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نےوالدین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ رواں سال والدین کے عالمی دن کا تھیم Together for Parents رکھا گیا ہے، یہ تھیم ہمیں والدین کی معاونت اور خاندانی نظام کے استحکام کا پیغام دیتا ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ بچوں کی بہتر پرورش اور روشن
مستقبل میں والدین کا کردار سب سے اہم ہے، ماں باپ بچوں کےلئے اپنی خوشیاں قربان کرکے ان کی کامیابی کےلئے جدوجہد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خوشحال خاندان ہی ترقی یافتہ اور مستحکم سماج کی ضمانت ہیں،سندھ حکومت بچوں، والدین اور خاندانوں کی فلاح و بہبود کےلئے موثر اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین کا عالمی دن ہمیں ماں باپ کی عزت، خدمت اور معاونت کا شعور دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خاندان، سماج اور ریاست کو والدین کی معاونت کےلئے مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، نوجوان نسل والدین کے احترام اور خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنائے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ والدین کی قربانیاں نسلوں کی تعمیر اور قوموں کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ والدین کی فلاح اور خاندانی نظام کا استحکام سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

