اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید کے تہوار کا ماحول برقرار ہے اور شہری قربانی کے گوشت سے باربی کیو پارٹیوں کے ذریعے روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ اہل خانہ گھروں کے لانز اور چھتوں سے لے کر فارم ہاؤسز اور نجی مقامات تک بار بی کیو پارٹیوں میں مصروف ہیں جن میں رشتہ داروں، دوستوں اور پڑوسیوں کو مدعو کیا جاتا ہے۔ گرلڈ بیف اور مٹن کی تیز خوشبو ہر جگہ محسوس کی جا سکتی ہے کیونکہ لوگ قربانی کے گوشت سے تیار کردہ روایتی پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے پارٹیوں میں مصروف ہیں۔مشہور باربی کیو آئٹمز میں تکے، سیخ کباب، گرلڈ بیف، مٹن اور کوئلوں پر تیار کی جانے والی دیگر کئی روایتی ڈشز شامل ہیں۔ اسلام آباد کے بہت سے رہائشیوں نے کہا ہے کہ ان اجتماعات کا تسلسل قربانی کے گوشت کی کثرت اور عید کی رسمی تعطیلات کے علاوہ اپنے پیاروں کے
ساتھ وقت گزارنے کی خواہش کی عکاسی ہے۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکٹر I-8 کے رہائشی دانیال نے کہا کہ اگرچہ عید تعطیلات ختم ہو رہی ہیں لیکن خاندانوں اور دوستوں میں اتحاد کا جذبہ اب بھی پروان چڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ باربی کیو کے یہ اجتماعات اپنے پیاروں کو اکٹھے کرنے، مل بیٹھ کر کھانا کھانے اور عیدالاضحیٰ کی برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔دانیال نےکہا کہ میں بھی شام کے بعد دوستوں کے ساتھ باربی کیو کا منصوبہ بنا ر ہا ہوں جو دارالحکومت میں عید کے بعد کی سماجی تقریبات کے جاری رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔فوڈ سپلائی کرنے والوں اور کوئلہ فروشوں نے بھی کاروبار میں اضافہ کا کہا ہے۔سیکٹر I-8 کے ایک دکاندار رضا نے اے پی پی کو بتایا کہ کوئلہ اور باربی کیو کی دیگر مصنوعات کی فروخت عید کے دن سے مستحکم ہے اور اب بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ باربی کیو کے لوازمات بشمول کوئلہ، سیخیں اور گرلنگ میٹریل کی مانگ مسلسل زیادہ رہی ہے کیونکہ لوگ بار بی کیو پارٹیوں کی میزبانی کرتے ہیں اوراہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ باہر کے کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ اب بھی گھر اور بیرونی مقامات پر باربی کیو گیٹ ٹوگیدرز کا اہتمام کر رہے ہیں جو عید کے بعد بھی فروخت کو مستحکم رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ اس رجحان کو چھوٹے دکانداروں نے خوش آئند قرار دیا ہے کیونکہ عید کا تہوار کاروبار کیلئے بہتر مواقع فراہم کرتا ہے۔بار بی کیو پارٹیوں میں نوجوان سب سے زیادہ جوش و خروش سے شرکت کر رہے ہیں جو شام کے کھانے اور سماجی تقریبات کا اہتمام کرتے ہیں ۔سیکٹر G-6 میں رہائش پذیر ایک یونیورسٹی کی طالبہ تابندہ نے کہا کہ یہ اجتماعات معمول کی زندگی سے خوش آئند وقفہ اور آرام دہ بیرونی ماحول میں دوستوں کے ساتھ مل بیٹھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم دوستوں کے ساتھ بار بی کیو کے لیے اختتام ہفتہ کا انتظار کرتے ہیں کیونکہ ایک مصروف ہفتے کے بعد آرام کرنے کا یہ ایک بہترین طریقہ ہے۔یہ غیر رسمی اجتماعات سماجی روابط کو مضبوط بنانے اور عیدالاضحیٰ کی حقیقی روح کو برقرار رکھنے میں مدد کرتے ہیں جن کا مرکز اشتراک، سخاوت اور اتحاد پر ہے۔

