لندن ( نمائندہ خصوصی) پاکستان کا ایٹمی قوت ہونا شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بہادرانہ دور اندیش قیادت کے طفیل ہے۔ شہید بھٹو کے قائم کردہ حفاظتی میکانزم کو ان کی پھانسی کے بعد بھی پاکستان میں امریکہ کے حاشیہ بردار حکمران اور اشرافیہ ختم نہیں کرپائے۔ ان خیالات کا اظہار حبیب جان نے لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔حبیب جان نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے یہ جانتے ہوئے کہ ایٹمی پروگرام کا حصول کسی بھی صورت پاکستان دشمن قوتوں کو ایک آنکھ نہیں بھائے گا اور وہ جانتے تھے کہ اس کے بدلے ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں لیکن فرزندِ پاکستان نے وطن کی سالمیت اور استحکامت کو سامنے رکھتے ہوئے زندگی کی پرواہ کئے بغیر ایٹمی پروگرام کو جاری رکھا۔حببیب جان نے کہا کہ یہ بھٹو شہید ہی کی شخصیت تھی
جس نے ایک شکست خوردہ قوم میں 100 سال تک گھاس کھا کر جنگ لڑنے کی روح پھونکتے ہوئے ایک نیا جوش اور ولولہ دیا۔ حبیب جان نے کہا کہ آج الله کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہم ایٹمی ہتھیاروں اور میزائیلوں میں خود کفیل ہیں۔ اور بھارت سمیت کسی بھی دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔حبیب جان نے اس وقت کے ڈکٹیٹر جنرل ضیاء الحق اور سیاسی جماعتوں کے الائنس قومی اتحاد پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کی اسٹبلشمینٹ کا پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی حقیقت جانتے ہوئے بھی امریکی ایماء پر قوم کے محسن بھٹو شہید کو ایک اندھے قتل کے جرم میں پھانسی دینا ایک قومی جرم تھا۔حبیب جان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان سمیت تمام سائنس دانوں و معروف کاروباری شخصیت سیٹھ عابد اور لیاری ٹاؤن سے منسلک ملاحوں کی خدمات کے ساتھ ساتھ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکی دباوُ اور مشکلات کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کرتے ہوئے ایٹمی دھماکوں کو ممکن بنانے میں ہمت دکھائی وہ قابل تحسین ہیں۔حبیب جان نے کہا کہ اَلْحَمْدُلِلّٰه آج ہمارے پاس دفاعی استحکام تو ہے لیکن افسوس مسلسل کرپشن اور سیاسی عدم استحکام کے سبب معاشی طور پر انتہائی کمزور ترین سطح پر کھڑے ہیں ۔ اسرائیل امریکہ ایران میں جاری جنگی صورتحال کے بعد واضح ہوگیا ہے کہ پاکستان کو دنیائے عالم میں دفاعی قوت کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر بھی استحکامت حاصل کرنا ہوگی۔حبیب جان نے آخر میں موجودہ عالمی صورتحال اور بالخصوص اسرائیل کی فلسطین غزہ لبنان اور ایران میں جاری جارحانہ کاروائیوں کے حوالہ سے موجودہ حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امن کیلئے جاری انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان کو ایک مضبوط دفاع کے ساتھ ساتھ سیاسی استحکام کی بھی ضرورت ہے۔ لہذا قوم امید کرتی ہیں آپ حضرات تمام مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک مضبوط و توانا پاکستان کیلئے کام کرتے ہوئے پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔

