اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کوئٹہ۔چمن ریلوے کراسنگ پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کو غیر انسانی اور بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے اس افسوسناک واقعے میں 30 قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت
کی دعا کی۔سینیٹر روبینہ خالد نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور کہا کہ پوری قوم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر خوف و ہراس پھیلا کر قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم قوم اجتماعی عزم کے ساتھ ان سازشوں کو ناکام بنائے گی۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں کیونکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

