اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):بنگلہ دیش کے ماہرینِ تعلیم کے ایک وفد نےجس کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر مامون احمد کر رہے تھے، پاکستان کے ہفتہ بھر کے دورے کے دوران اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں اور تعلیمی اداروں کے دورے کیےجن کا مقصد اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور تعلیمی تبادلوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا تھا۔وفد نے وزیر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں وجیہہ قمر سے ملاقات کی، جہاں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان
تعلیمی تعاون، علاقائی تعلیمی شراکت داری اور اساتذہ و طلبہ کے تبادلہ پروگراموں کو وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔وفد نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کا بھی دورہ کیاجہاں یونیورسٹی انتظامیہ نے انہیں تعلیمی پروگراموں، بین الاقوامی اشتراک، زبانوں کی تعلیم اور تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اور یونیورسٹی آف راجشاہی کےدرمیان ایک لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے گئےجس کا مقصد ادارہ جاتی تعاون، مشترکہ تحقیق، تعلیمی تبادلہ پروگراموں اور مشترکہ تعلیمی مواقع کو فروغ دینا ہے۔بنگلہ دیشی وفد نے پاکستانی اداروں کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی قیادت میں پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے کی ترقی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

