لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نےبین الاقوامی یوم حیاتیاتی تنوع پراپنے پیغام میں کہاہے کہ جنگلات اور جنگلی حیات کا تحفظ ماحولیاتی توازن اور زمین پر زندگی کی بقا کے لیے ناگزیر ہے- ماحولیاتی توازن حیاتیاتی تنوع زمین پر زندگی کی بنیاد ہے – قدرتی ماحول کا تحفظ سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے- صوبے میں
نایاب نسل کے جانوروں اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے موثر اور دیرپا اقدامات کیے جا رہے ہیں -وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ غیر قانونی شکار کی روک تھام کے خصوصی فورس اور ہیلپ لائن فنکشنل ہے۔ جنگلی حیات کی دیکھ بھال کے لیے پنجاب میں پہلی بار باقاعدہ وائلڈ لائف فورس میں خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے- شکایات کے لیے وائلڈ لائف ہیلپ لائن 1107 فعال کر دی گئی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ جنگلی حیات کی مانیٹرنگ اور مردم شماری کے لیے پہلی بار جدید ترین نظام اور جی پی ایس ٹریکرز متعارف کروائے گئے ہیں۔ قدرتی وسائل کی اہمیت اور ماحولیاتی بگاڑ روکنے کا عوامی شعور ضروری ہے۔
