اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بیرونِ ملک پاکستان کے سفارتی مشنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی ۔پاکستان کے سفارتی مشنز کی جانب سے ملک کی
سفارتی، قونصلر اور اقتصادی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم ا نے اس بات پر زور دیا کہ ہیڈکوارٹرز اور سفارتی مشنز کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے جبکہ نتائج پر مبنی سفارت کاری پر زیادہ توجہ دی جائے تاکہ امور کی انجام دہی مزید مؤثر ہو اور دستیاب وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ان کوششوں کو مسلسل جاری رکھا جائے اور مزید
مضبوط بنایا جائے تاکہ قومی خارجہ پالیسی کے اہداف سے مکمل ہم آہنگی پیدا ہو اور زیادہ سے زیادہ مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ اجلاس میں وزیرِ مملکت بلال کیانی، معاونِ خصوصی برائے وزیرِ اعظم طارق باجوہ، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ، اور وزارتِ خزانہ، تجارت، کابینہ ڈویژن اور وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
