اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع باجوڑ سلارزئی کے علاقے تبئی اور ڈاگ قلعہ میں انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم پر فائرنگ سے سکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکاروں قادر اور عزیز کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کے لئے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے ۔پیر کو
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں انسداد پولیو مہم بھرپور انداز میں جاری رکھے گی،دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمہ کے لئے حکومت غیر متزلزل عزم رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جدو جہد میں قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔وزیراعظم نے فائرنگ کی جلد انکوائری مکمل کر کے ذمہ داران کا تعین کرنے اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے ۔
