اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے علاقائی سفارت کاری میں قطر کے تعمیری کردار اور ثالثی کیلئے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے اتوار کو ٹیلی فون کیا، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان
مسلسل رابطوں اور قریبی مشاورت کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی، جس کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہبازشریف نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری امن کوششوں کی بھرپور حمایت اور توثیق پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے علاقائی سفارت کاری میں قطر کے تعمیری کردار اور جاری ثالثی کوششوں کے حق میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تحسین کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُن کے سرکاری دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے مزید پیش رفت کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطے باقاعدگی سے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
