لاہور(نمائندہ خصوصی):پنجاب حکومت نے اربن ڈویلپمنٹ کے لیے بین الاقوامی سطح پر نئے اتحاد بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے،پنجاب کے بہترین پراجیکٹ کو عالمی سطح پر پہچان دلانے کے لیے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز خود عالمی میدان میں آگئیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی مریم نواز 3روزہ تاریخی دورہ جمہوریہ آذربائیجان پر روانہ ہوگئی ہیں ،وزیر
اعلی مریم نواز اپنے وفد کے ہمراہ 17 مئی سے 20مئی تک آذربائیجان کے شہر باکو میں بین الاقوامی ورلڈ اربن فورم پر پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔وزیر اعلی 17 مئی کو آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے اہم ملاقات کریں گی اور آذربائیجان میں خصوصی اسٹیٹ گیسٹ ہوں گی،باکو اولمپک اسٹیڈیم میں منعقدہ ورلڈ لیڈرز سمٹ سے وزیر اعلی مریم نواز تاریخی خطاب بھی کریں گی۔وزیر اعلی مریم نواز ورلڈ اربن فورم پر پنجاب حکومت کے فلیگ شپ پراجیکٹ اپنی چھت، اپنا گھر پیش کریں گی،افورڈ ایبل ہائوسنگ سیکٹر میں پنجاب کا منفرد ماڈل اپنی چھت،اپنا گھر دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔دورہ آذربائیجان میں وزیر اعلی کے ہمراہ سینئر وزیر مریم اورنگ زیب، وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری،وزیر ہائوسنگ بلال یسین، وزیر کھیل فیصل ایوب، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی، معاون خصوصی علی ڈار، چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ ہیں ۔
