اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں خصوصاً مشکل میں گھرے افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ہم نے سنگاپور کے ذریعے11 پاکستانیوں اور اپنے برادر ملک ایران کے 20 شہریوں کی کامیاب وطن واپسی کو ممکن بنایا جو بین الاقوامی سمندر میں امریکہ کی جانب سے تحویل میں لئے گئے جہازوں پر سوار تھے۔جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ تمام افراد خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلہ بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں خصوصاً مشکل میں گھرے افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام افراد سنگاپور سے بنکاک پہنچ چکے ہیں اور آج رات اسلام آباد پہنچنے والی
پرواز میں سوار ہوچکے ہیں۔سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے ایرانی بھائیوں کی بھی ان کے وطن واپسی کےلئے سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں سنگاپور کے وزیرِ خارجہ ویوین بالاکرشنن، وزیراعظم اور حکومتِ سنگاپور کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے میری درخواست پر اس پورے عمل میں مسلسل تعاون اور بھرپور کردار ادا کیا۔ نائب وزیرِ اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے بھی اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے ایرانی شہریوں کی واپسی کےلئے پاکستان پر اعتماد کیا۔انہوں نے کہا کہ میں امریکی حکومتِ بالخصوص امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیوکا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے 31 پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کےلئے قریبی تعاون فراہم کیا اور اس کے ساتھ ساتھ حکومتِ تھائی لینڈ خصوصاً تھائی لینڈ کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سہاسک فوانگکیٹکیو کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری درخواست پر ان افراد کی بنکاک کے راستے آمدورفت میں سہولت فراہم کی۔نائب وزیرِ اعظم سینیٹر محمداسحاق ڈار نے وزارتِ خارجہ، وزارتِ داخلہ، اور سنگاپور و تھائی لینڈ میں پاکستان کے مشنز میں اپنے ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی بروقت ہم آہنگی اور انتھک کاوشوں نے واپسی کے اس عمل کو محفوظ، ہموار اور کامیاب بنایا۔

