مکہ مکرمہ۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان سے جاری حج آپریشن کے تحت اب تک 313 پروازوں کے ذریعے 84,752 سرکاری عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جو کہ کل سرکاری کوٹے کا 71 فیصدہے۔ وزارتِ مذہبی امور کی رپورٹ کے مطابق 164پروازیں مدینہ منورہ اور 174 پروازیں جدہ کے ہوائی اڈوں پر اتریں۔ مکہ مکرمہ میں اس وقت 77,821
عازمین مقیم ہیں جبکہ 6,931 عازمین مدینہ منورہ میں اپنے قیام کی مدت مکمل کر رہے ہیں۔عازمین کی سہولت کے لیے فیلڈ میں 1,397 فلاحی عملہ تعینات کیا جا چکا ہے جس میں میڈیکل ٹیمیں، خدام اور آئی ٹی ماہرین شامل ہیں۔ عازمین حج کو حرم میں نمازوں کی ادائیگی کے لئے لانے ا لیجانے کے لئے 371 بسیں 24 گھنٹے دستیاب ہیں۔روحانی سہولیات کے ضمن میں اب تک 33,108 عازمین نے ریاض الجنہ کی زیارت کی سعادت حاصل کی ہے جن میں 17,744مرد اور 15,364خواتین شامل ہیں۔ مکہ مکرمہ میں راستہ بھول جانے والے 16,388 عازمین کو حرم گائیڈز نے ان کی رہائش گاہوں تک بحفاظت پہنچایا۔

