پیرس(نمائندہ خصوصی):فرانس میں پاکستانی سفارتخانے نے ڈاکٹر اورور دیدیے کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا، جنہیں آثارِ قدیمہ کے شعبے میں نمایاں خدمات اور پاکستان و فرانس کے درمیان ثقافتی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر پاکستان کے سول اعزاز تمغۂ پاکستان سے نوازا گیا۔پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت کی جانب سے پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے ڈاکٹر اوروردیدیے کو یہ اعزاز دیا۔
تقریب میں سفارتی برادری کے اراکین، فرانسیسی ماہرینِ آثارِ قدیمہ و محققین، ثقافتی اداروں کے نمائندگان، میڈیا سے وابستہ افراد اور پاکستان کے دوستوں نے شرکت کی۔ اس موقع پرپاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے ڈاکٹر دیدیے کو اس باوقار اعزاز پر مبارکباد دی اور پاکستان کے بھرپور آثارِ قدیمہ کے ورثے، خصوصاً وادی سندھ کی تہذیب کے تحفظ اور فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔انہوں نے آثارِ قدیمہ کے شعبے میں پاکستان اور فرانس کے درمیان دیرینہ تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر دیدیے اور فرانسیسی ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور علمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر اورور دیدیے نے خطاب کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس اعزاز پر اظہارِ تشکر کیا اور پاکستانی اداروں اور محققین کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آثارِ قدیمہ کا ورثہ عالمی تہذیب میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے، اس کے تحفظ اور بین الاقوامی سطح پر فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر اورور دیدیے کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا گیا۔
