اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):آذربائیجان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے وزیرِ انصاف فرید احمدوف کی سربراہی میں وزارتِ قانون و انصاف کا دورہ کیا۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس اور تقریب کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور آذربائیجان کے وزیرِ انصاف نے کی۔وزارت آمد پر وزیرِ مملکت بیرسٹر عقیل ملک، سیکرٹری قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر اور دیگر اعلیٰ حکام نے معزز وفد کا پرتپاک استقبال کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان قانونی روابط کی مضبوطی کی عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر ایک تاریخی تقریب میں آذربائیجان کے وزیر نے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کو "میڈل فار جسٹس” پیش کیا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا اعزاز ہے جو آذربائیجان کی وزارتِ انصاف
کی جانب سے کسی بھی غیر ملکی وزیر کو دیا گیا ہے، جو دونوں ممالک کے قانونی نظاموں کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کی علامت ہے۔اجلاس کے دوران وزیرِ انصاف فرید احمدوف نے ایک بہترین اور نتیجہ خیز دورے کے انعقاد پر وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے فرید احمدوف نے جوڈیشل ٹریننگ کے شعبے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وفد کو وزارتِ قانون کے طریقہ کار اور ورکنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ آذربائیجانی وفد نے قانونی شعبے میں پاکستان کے حالیہ ڈیجیٹل اقدامات بالخصوص کیس مینجمنٹ سسٹم اور عدالتوں کی آٹومیشن کو بے حد سراہا۔دونوں وزراء نے پاک آذربائیجان دوستی اور ماحول دوستی کی علامت کے طور پروزارت کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری بھی کی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے قانونی اور عدالتی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

