اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق گمراہ کن اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش دعوےتصدیق شدہ طبی حقائق کے منافی ہیں۔ جمعہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا حقائق کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سینئر میڈیکل بورڈ، جس میں ماہر امراض چشم، امراض قلب، ای این ٹی اسپیشلسٹس، ڈینٹل سرجنز اور دیگر ماہرین شامل ہیں، بانی پی ٹی آئی کا باقاعدگی سے معائنہ کرتا ہے اور تمام علاج بین الاقوامی طبی معیارات کے مطابق کیا جا
رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کا متعدد بار پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج کیا گیا اور علاج کے بعد ان کی بینائی 6/6 رپورٹ ہوئی، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ علاج کامیاب رہا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلی میڈیکل رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے پاکستان کی تاریخ میں شاید ہی کسی قیدی کو ایسی سہولیات فراہم کی گئی ہوں، ان کی آنکھ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش بند کی جائے۔ جب احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور انتشار کی سیاست ناکام ہو گئی تو اب ہمدردی کارڈ کھیلا جا رہا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ عوام سیاسی مقاصد پر مبنی غلط معلومات سے گمراہ نہ ہوں کیونکہ طبی حقائق خود اپنی گواہی دے رہے ہیں۔

