اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):پیپلز پارٹی کی نائب صدرسینیٹر شیری رحمان نے نو مئی کے واقعات کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب قرار دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات ملکی سالمیت اور قومی یکجہتی پر حملہ تھے، قوم ایسے عناصر کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔شیری رحمان نے ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھٹو کی شہادت پر کارکنوں نے خود کو جلایا، حملہ نہیں کیا، شہید بی بی کی شہادت پر چاروں صوبوں میں کارکنوں کا احتجاج تھا۔ انہوں
نے کہا کہ شہید بی بی کی شہادت پر جلاؤ گھیراؤ ہوا، لیکن ملٹری تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر حملہ نہیں ہوا بلکہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا گیا۔شیری رحمان نے مزید کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات، شہدا کی یادگاروں اور قومی اداروں پر حملے دراصل پاکستان پر حملہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو قانون اور آئین کے مطابق درست سزائیں دے کر مثال قائم کی گئی۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سیاسی انتقام میں قومی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا،جو عناصر نوجوانوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکساتے ہیں وہ قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنی افواج، شہدا اور قومی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔ شیری رحمان نے کہا کہ معرکہ حق میں افواجِ پاکستان نے اپنی قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو واضح پیغام دیا،پاکستان عالمی سطح پر مضبوط اور باوقار ملک بن کر ابھرا ہے، اس میں افواجِ پاکستان کا کلیدی کردار ہے، افواجِ پاکستان ہمارے قومی وقار، سلامتی اور استحکام کی علامت ہیں۔

