اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آپریشن بُنیانٌ مَّرصوص قومی دفاع، عسکری مہارت اور قومی یکجہتی کی شاندار مثال ہے۔آپریشن بُنیانٌ مَّرصوص کی تکمیل کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر یومِ معرکۂ حق کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں اسپیکر کہا ہے کہ یہ تاریخی دن پاکستان کی دفاعی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جب پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارت کی وحشیانہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کامیاب جوابی کارروائیاں کیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا
کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت اور چیف آف دی ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مؤثر عسکری حکمتِ عملی کے تحت آپریشن کو انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین ہم آہنگی کے ساتھ کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے مابین غیر معمولی اشتراکِی عمل نے پوری قوم کو ایک متحد قوت میں تبدیل کر دیا، جس کے نتیجے میں دشمن کے عزائم کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا گیا اور پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن کر ابھرا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آپریشن بُنیانٌ مَّرصوص کے دوران پاک فوج کے بہادر جوانوں نے دشمن کی اہم تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا جبکہ دشمن کے فضائی دفاعی نظام، خصوصاً S-400 سسٹم کو مؤثر انداز میں ناکارہ بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع پر مامور افواجِ پاکستان کے یہ بہادر سپوت قوم کا حقیقی فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاک فضائیہ کی بے مثال کارکردگی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا اور پاکستان کی فضائی برتری کو خطے میں نمایاں انداز میں منوایا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت پاک فضائیہ کے تمام افسران اور جوانوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ حکمتِ عملی نے دشمن کو مکمل طور پر محدود کر دیا، جس کے باعث دشمن اپنی بحری حدود تک محدود ہو کر رہ گیا۔انہوں نے نیول چیف نوید اشرف سمیت پاک بحریہ کے تمام افسران اور جوانوں کو قوم کی جانب سے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ان مؤثر کارروائیوں سے دشمن کی جنگی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا اور اسے پسپائی اختیار کرنا پڑی۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپریشن کے دوران جدید سائبر اور الیکٹرانک وارفیئر حکمتِ عملیوں کو بھی مؤثر انداز میں استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں دشمن کے مواصلاتی نظام اور کمانڈ اینڈ کنٹرول انفراسٹرکچر کو غیر مؤثر بنا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن بُنیانٌ مَّرصوص نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک امن پسند مگر باوقار اور خود مختار ریاست ہے، جو خطے میں امن کو ترجیح دیتی ہے لیکن اپنی خودمختاری اور دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے اور اس کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کو’’آبی دہشتگردی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر مناسب اقدام اٹھانے کا حق حاصل ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے وطن کے دفاع کی خاطر جانوں کی قربانیاں دینے والے شہداء کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کرے گی۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قوم کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں متحد رہتی ہے اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک کو کسی چیلنج کا سامنا ہوگا، پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کے سامنے کھڑی ہوگی اور افواجِ پاکستان کا بھرپور ساتھ دے گی۔


