اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور پاک فوج کی سہولت کاری ہمارے لئے اعزاز ہے،آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ساری عسکری قیادت کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں،آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی سے دنیا بھر میں پاکستان کی عزت ووقار میں اضافہ ہوا ہے۔وہ یہاں آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس راولپنڈی اسلام آباد کے زیراہتمام معرکہ حق و بنیان مرصوص کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔کنونشن سے سابق صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال،مسلم کانفرنس کی سیکرٹری مہر النسا،چیف آرگنائزر سردار عثمان عتیق،مسلم کانفرنس راولپنڈی،اسلام آباد کے صدر سردار عاصم عباسی،ممتاز قانون دان سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ،راجہ سرفرازعباس،میجر (ر)
نصراللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر معروف کاروباری شخصیت راجہ سرفراز خان ،جموں ون سے امیدوار چوہدری سعودمختار نے مسلم کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے معرکہ حق و بنیان مرصوص کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق نے دفاع پاکستان سے متعلق تمام خدشات کا ازالہ کردیا ہے۔انہوں نےکہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ساری عسکری قیادت کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں،آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی سے دنیا بھر میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔ سردار عتیق نے کہا کہ پاکستان فطری اور دفاعی صلاحیتوں سے مالا مال ہے،مسلح افواج پاکستان کی مخالفت اورخودمملکت دادادپاکستان کی مخالفت میں ذرابھر بھی فرق نہیں،دشمن ہماری اندرونی تقسیم اورانتشارسے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔سردار عتیق نے کہا کہ بزدل دشمن نے فوجی پنجہ آزمائی میں ناکامی کے بعدگھرمیں عدم استحکام پیداکرنے کا راستہ اختیارکیاہے،بھارت کی بے جا ہٹ دھرمی اس کی بقاکے لئے خطرے کا باعث ہے۔ سردار عتیق نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ جنوبی ایشیا کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے،کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے نے جموں وکشمیر کے عوام کی تقدیر کو ہمیشہ کے لیے پاکستان سے وابستہ کردیا ہے،معرکہ حق میں بدترین شکست کےباوجود بھارت اپنے جارہانہ عزائم پر قائم دکھائی دیتا ہے۔سردار عتیق نے کہا کہ بھارت اندر سے ایک کھوکھلا ملک ہے جو کسی بھی اپنی غلطی کی نظر ہوسکتا ہے،پاکستان میں دہشت گردی کی ساری ذمہ داری بھارت پر ہے،مسلم کانفرنس پاکستان اورمسلح افواج کی سہولت کاری کو اپنے لیے اعزازسمجھتی ہے۔ سردار عتیق نے کہا کہ قراردادالحاق پاکستان تحریک آزادی کی روح اورکشمیر بنے گا پاکستان اس کی جان ہے،دنیا کا کوئی مورخ شہدائے کشمیر کی قربانیوں کو نظراندازنہیں کرسکتا،کشمیر میں بھارتی ظلم وستم اپنے منطقی انجام کو پہنچنے کو ہے۔سردار عتیق نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام کے حوصلے ہمیشہ کی طرح بلند ہیں،پاکستان جموں وکشمیر کے عوام کی آخری اور محفوظ ترین پناہ گا ہ ہے،تکمیل پاکستان تک کوئی انسانی طاقت ہمارا سفرروک نہیں سکتی۔


