اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چیف انفارمیشن کمشنر شعیب احمد صدیقی نے انفارمیشن کمیشن کےرکن کے ہمراہ ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس ملاقات کو ادارہ جاتی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اہم قرار دیا۔ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن کے قیام کو تین سال مکمل ہونا ایک اہم سنگِ میل ہے جو کمیشن کی بڑھتی ہوئی ادارہ جاتی
صلاحیت، بہتر سروس ڈیلیوری اور معلومات تک رسائی کے حق کے بارے میں عوامی آگاہی میں اضافے کا عکاس ہے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ شفافیت حکمرانی کا ایک بنیادی اصول ہے جو عوامی اعتماد کو فروغ دیتی، اداروں کو مضبوط بناتی اور مؤثر فیصلہ سازی میں معاون ثابت ہوتی ہے۔انہوں نے کمیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ معلومات تک رسائی کے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے، عوامی شکایات کے ازالے اور سرکاری اداروں میں پیشگی معلومات کی فراہمی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ شفافیت کے اہداف کے حصول کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی توازن اور آئینی و قانونی تقاضوں کی پاسداری بھی نہایت ضروری ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا
اظہار کیا کہ بہتر ہم آہنگی، واضح طریقہ کار اور مؤثر عملدرآمد کے نظام کے ذریعے شفافیت کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے جو مجموعی طور پر گورننس کے معیار میں بہتری کا باعث بنے گا۔ملاقات کے اختتام پر چیف انفارمیشن کمشنر شعیب احمد صدیقی نے چیئرمین سینیٹ کو کمیشن کی ششماہی رپورٹ پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

