بیجنگ(نمائندہ خصوصی):چین کا تیانژو-9 کارگو خلائی جہاز خلائی سٹیشن سے الگ ہو کر آزادانہ پرواز کے مرحلے میں داخل ہو گیا۔ شنہوا کے مطابق چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) نے بتایا کہ چین کے خلائی سٹیشن کے لیے سامان لے جانے والا تیانژو-9 کارگو خلائی جہاز بدھ کو بیجنگ وقت کے مطابق شام 4 بجکر 34 منٹ پر خلائی سٹیشن سے الگ ہو کر آزادانہ پرواز کے مرحلے میں داخل ہو گیاہے۔ایجنسی کے مطابق یہ کارگو خلائی جہاز مناسب وقت پر کنٹرول
شدہ انداز میں فضا میں دوبارہ داخل ہوگا۔ اس عمل کے دوران جلنے کے بعد بچ جانے والا تھوڑا سا ملبہ مقررہ محفوظ سمندری حدود میں گرے گا۔تیانژو-9 کو 15 جولائی 2025 کو جنوبی جزیرائی صوبہ ہینان کے وینچانگ خلائی لانچ سائٹ سے خلا میں بھیجا گیا تھا، جوبعد میں مدار میں موجود تیانگونگ خلائی سٹیشن کے ساتھ جڑگیا، اس میں خلا بازوں کے لیے ضروری اشیاء، ایندھن اور سائنسی تجربات کے آلات سمیت مختلف سامان موجود تھا۔

