اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے قومی کرکٹ کے سابق مایہ ناز کھلاڑی شاہد آفریدی نے خصوصی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت ریلوے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران وزیرِ ریلوے نے قومی سطح پر مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور مختلف اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے
کہا کہ اس نوعیت کی ملاقاتیں قومی ہم آہنگی کے فروغ اور مختلف شعبوں کے درمیان مؤثر تعاون کے لئے نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔اس موقع پر شاہد آفریدی نے بھی مختلف سماجی و قومی امور پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی ترقی کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملکی معیشت کے استحکام میں پاکستان ریلوے کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور اس شعبے کی ترقی قومی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔شاہد آفریدی نے وزیرِ ریلوے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے میں مثبت اور معیاری تبدیلیاں واضح طور پر نظر آ رہی ہیں جو ایک خوش آئند پیشرفت ہے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی جس میں مستقبل میں باہمی روابط کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

