لاہور(نمائندہ خصوصی): شہریوں کے تحفظ کو مزید یقینی بنانے کے لیے آن لائن ٹیکسی سروسز کے حوالے سے نیا سیکیورٹی نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اب تمام آن لائن ٹیکسی ڈرائیورز کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ ڈرائیورز کا مکمل ڈیٹا پولیس کے پاس موجود ہوگا۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا اور جرائم کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔ نئے نظام کے
تحت بغیر تصدیق شدہ ڈرائیورز کو سروس فراہم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔پولیس کے مطابق آن لائن ٹیکسی سروسز سے وابستہ ڈرائیورز کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور کسی بھی مشکوک سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہری حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے سفر مزید محفوظ ہوگا اور جرائم میں نمایاں کمی آئے گی۔
