مکہ مکرمہ (نمائندہ خصوصی):روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کی بدولت اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے آنے والے 2 ہزار سے زائد عازمینِ حج جدہ ایئرپورٹ پر جہاز سے اترنے کے بعد امیگریشن کے طویل عمل سے گزرے بغیر چند ہی منٹوں میں اپنی بسوں تک پہنچ گئے، جہاں سے انہیں فوری طور پر مکہ مکرمہ میں ان کی رہائش گاہوں کی جانب روانہ کر دیا گیا۔ پاکستان سے حج 2026 کے سلسلے میں عازمین کی آمد کے دوسرے مرحلے کے پہلے روز 7 پروازوں کے ذریعے 2 ہزار 77 عازمین مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔جدہ ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر عازمین کی آمد پر ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی، ڈپٹی قونصل جنرل سعدیہ وقار النساء، پاکستانی سفارتخانے کے منسٹر کوآرڈینیشن قاضی جمیل الرحمان، ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو، چیف کوآرڈینیٹر مرزا علی
محسود، کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان، ڈائریکٹر حج جدہ عارف اسلم رائو، ڈپٹی ڈائریکٹر مکہ عزیز اللہ اور دیگر حکام نے عازمین کا استقبال کیا۔ اس موقع پر عازمین پر پھول نچھاور کیے گئے اور انہیں گلدستے پیش کیے گئے۔ پیر کو لاہور سے سعودی ایئر لائن کی پرواز سے 360 عازمین، اسلام آباد سے سعودی ایئر لائن کی دو پروازوں سے بالترتیب 370 اور 260 عازمین، جبکہ پی آئی اے کی پرواز سے 393 عازمین جدہ پہنچے۔کراچی سے سعودی ایئر لائن کے ذریعے 350 اور ایئر سیال سے 160 عازمین، جبکہ ملتان سے ایئر بلیو کی پرواز سے 154 عازمینِ حج، حج ٹرمینل پر پہنچے۔ روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے آنے والے عازمین کی دوہری امیگریشن پاکستان میں ہی مکمل ہونے کی وجہ سے عازمین کو ایئرپورٹ پر انتظار نہیں کرنا پڑا، جبکہ تمام عازمین کا سامان بھی براہِ راست ان کی رہائش گاہوں پر پہنچا دیا گیا ہے۔اس اقدام سے عازمینِ حج ایئرپورٹ پر سامان کے حصول کے لیے قطاروں میں لگنے کی زحمت سے محفوظ رہے اور نہایت آرام دہ طریقے سے اپنی قیام گاہوں تک پہنچ گئے۔

