اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):نارمل پاسپورٹ کی ڈلیوری کی مدت 21 دن سے کم کرکے اب 14 کر دی گئی ہے ۔جمعرات کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں شہریوں کی سہولت کیلئے بڑے فیصلے کئے گئے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ نارمل پاسپورٹ 21 دن سے کم کرکے اب 14 کر دیا ہے جبکہ پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس سسٹم رائج ہو گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بزنس پاسپورٹ کے اجراء کے نظام کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں پاسپورٹ کی گھروں کی
دہلیز تک ڈلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر داخلہ نے پاسپورٹ دفاتر میں 15 روز تک مکمل کیش لیس نظام رائج کرنے کا ٹاسک دیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کیش ادائیگی ختم ہونے سے ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ہوگا اور شہریوں کو سہولت ملے گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بزنس پاسپورٹ کے اجراء سے متعلق امور پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاسپورٹ نظام کو بہتر بنانے اور عوامی سہولت کے لئے پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام انتہائی ضروری ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نارمل پاسپورٹ پہلے 21 روز میں ڈلیور کیا جاتا تھا جبکہ اب 14 روز میں ڈلیور کیا جائے گا۔وفاقی سیکرٹری داخلہ ڈی جی پاسپورٹ و امیگریشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

