راولپنڈی۔( نمائندہ خصوصی):آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-2 میزائل سسٹم کی کامیاب تربیتی مشق کی ، یہ میزائل جدید ترین ایویانکس اور نیویگیشنل سہولیات سے لیس ہے۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ
تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق اس تربیتی مشق کا مقصد افواج کی تربیت، مختلف تکنیکی پہلوؤں کی توثیق اور بہتر درستگی اور بڑھتی ہوئی بقا ء کی صلاحیت کے لئے شامل مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
سٹرٹیجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاک فوج کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ سٹرٹیجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے اس مشق کا مشاہدہ کیا۔ فورم نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کی کامیاب
تربیتی مشق کو سراہا۔صدرِ آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے میزائل کی کامیاب مشق میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کی تعریف کی۔
