اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):پاکستان اور نیوزی لینڈ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ منگل کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کو نیوزی لینڈ کے ہم منصب کرسٹوفر لیوکسان نے ٹیلیفون کیا۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرسٹوفر لیوکسان کو خطے میں امن کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں اور روابط بارے آگاہ کیا۔
نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم نے پاکستان کی تعمیری سفارتی کاوشوں، خصوصاً واشنگٹن اور تہران کے ساتھ رابطوں کو سراہا اور ثالثی کی ان کوششوں کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے اور دنیا میں امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس ضمن میں نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا۔ وزیراعظم نے کرسٹوفر لیوکسان کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

