اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو کی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور برادرانہ تعلقات کو سراہا گیا۔وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان تعلقات کو صحت کے شعبے میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے صحت کے نظام اور
ادارہ جاتی ڈھانچے پر بریفنگ دی گئی جبکہ ہسپتالوں میں سرمایہ کاری اور انتظامی تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔فریقین کے درمیان صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور ہیلتھ ٹورازم کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات میں طبی آلات اور صحت سے متعلقہ مصنوعات کی پیداوار، تجارت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کریں گے۔وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ دونوں جانب سے ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے گی جو صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے لیے ترجیحات کا تعین کرے گی۔ یہ ٹیم ایک جامع دستاویز تیار کرے گی جس میں تعاون کے اہم شعبہ جات کی نشاندہی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مزید مشاورت کے بعد ایک ’’ون ونڈو‘‘ نظام بھی قائم کیا جائے گا تاکہ صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو آسان اور موثر بنایا جا سکے۔اس سلسلے میں سی ای او ڈریپ اور جوائنٹ سیکریٹری (ایڈمن) کو فوکل پرسنز نامزد کر دیا گیا ہے۔
