اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):انگور اڈہ زلول خیل میں افغان اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج کی بروقت کارروائی میں متعدد افغان پوسٹیں تباہ کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی بروقت اور چوکس کارروائی کے
باعث فتنہ الخوارج کی دراندازی کی تمام کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔فتنہ الخوارج کی تشکیل کی دراندازی میں ناکامی کے بعد افغان طالبان نے سول آبادی کو نشانہ بنایا۔فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین شہری زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر وانا ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔جنوبی وزیرستان کے علاقے،زلول خیل انگور اڈہ میں افغان طالبان نے بلااشتعال فائرنگ کی۔پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس میں متعدد افغان پوسٹیں تباہ ہوگئیں۔آپریشن غضب للحق کی موثر کارروائیوں کے بعد افغان طالبان شکست کی بوکھلاہٹ میں سول آبادی کو نشانہ بنانے لگے ہیں۔اہل علاقہ نے افغان طالبان کی فائرنگ کے واقعے کی بھرپور مذمت کی ہے اور پاک فوج سے جوابی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

