اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سپارکو کے زیرِ اہتمام پاکستان کے مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (EO-3) کے کامیاب لانچ کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ
سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے کہا کہ EO-3 سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ پاکستان کی خود انحصاری، سائنسی مہارت اور خلائی ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی استعداد کا واضح مظہر ہے۔انہوں نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے۔صدرِ مملکت نے خلائی شعبے میں پاکستان کے قریبی دوست چین کے مسلسل اور قابلِ اعتماد تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ اشتراک دوطرفہ سائنسی و تکنیکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

