اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ان کی خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر نہایت دوستانہ اور تعمیری گفتگو ہوئی ہے،پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔ہفتے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں
وزیراعظم نے کہا کہ ان کی اپنے بھائی، ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر نہایت دوستانہ اور تعمیری ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی پاکستان آمد سمیت ایران کے مسلسل رابطوں کو سراہا۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دوست ممالک اور شراکت داروں کے تعاون سے پاکستان ایک ایماندار اور مخلص ثالث کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔
