اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):جاز ورلڈ نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے اشتراک سے اپنے ہیڈکوارٹر میں ارتھ آور منایا۔ اس موقع پر ایک گھنٹے کے لیے غیر ضروری لائٹس اور ڈیجیٹل ڈسپلے بند رکھے گئے، جس کا مقصد توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی آگاہی کو اجاگر کرنا تھا۔ یہ اقدام دارالحکومت کو زیادہ سرسبز بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ اس اقدام کے تسلسل میں، جاز ورلڈ نے اس سے قبل پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (پاک۔ای پی اے) اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنے ہیڈکوارٹر پر گاڑیوں کے دھوئیں کے اخراج کی جانچ کی ایک مہم بھی چلائی۔ اس مہم کا مقصد کمپنی کے اپنے فلیٹ سے ہونے والے اسکوپ 1
اخراج اور ملازمین کی گاڑیوں سے منسلک اسکوپ 3 کاربن اخراج میں کمی لانا تھا۔اس دوران 100 سے زائد گاڑیوں کے کاربن اخراج کی جانچ کی گئی تاکہ ماحولیاتی معیار پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے اور عملے میں ماحول دوست سفری طریقوں کو فروغ دیا جا سکے۔ جاز ورلڈ کے گروپ چیف کارپوریٹ اینڈ ریگولیٹری افیئرز آفیسر سید ظہیر مہدی نے کہاکہ ہم اپنی ماحولیاتی ذمہ داری کو تسلیم کرتے ہیں اور پائیداری کو اپنے آپریشنز کا حصہ بنا رہے ہیں۔ایسے اقدامات نہ صرف ادارے کے اندر ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ وسیع تر سماجی رویوں میں تبدیلی اور ایک پائیدار نظام کی تشکیل میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی ہدف 13(موسمیاتی اقدامات)سے ہم آہنگ یہ اقدامات جاز ورلڈ کی اس حکمت عملی کی عکاسی کرتے ہیں جس کے تحت پائیداری کو بنیادی کاروباری حکمت عملی میں شامل کیا جا رہا ہے۔ کمپنی کا طویل المدتی ہدف عالمی بہترین طریقوں کے مطابق بتدریج گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی اور کاربن نیوٹرلٹی کی جانب پیش رفت کرنا ہے۔ جاز ورلڈ نے توانائی کے تحفظ اور کاربن اخراج میں کمی کے لیے دوہری حکمت عملی پر مبنی ایک مہم کے ذریعے ماحولیاتی پائیداری سے اپنی وابستگی کو مزید مضبوط کیا ہے۔ اس مہم میں علامتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عملی سطح پر اقدامات بھی شامل ہیں، جن کا مقصد قابلِ پیمائش اثرات حاصل کرنا ہے۔ یہ کوششیں کمپنی کے وسیع ماحولیاتی، سماجی اور انتظامی (ای ایس جی) فریم ورک کا حصہ ہیں، جس میں توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال، ماحولیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت اور طویل المدتی کاربن اخراج میں کمی کو ترجیح دی گئی ہے۔
