اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی جس میں پاک-ایران تعلقات، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے انتظامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی موجود تھے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی سفیر کو بتایا کہ اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لئے تیاریاں
مکمل کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ مذاکرات میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وفود کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔محسن نقوی نے ایرانی سفیر کو اپنے حالیہ دورہ ایران کے حوالے سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاک-ایران تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور پاکستان ان برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لئے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ملاقات کے دوران ایران-امریکہ تنازعہ پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اس تنازعہ کے مذاکرات کے ذریعے حل کا داعی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشیدگی میں کمی لانے کے لئے سفارتی و مذاکراتی چینلز کا استعمال ناگزیر ہے، پائیدار اور دیرپا حل ہی خطے کے استحکام اور امن کا واحد ضامن ہے۔فریقین نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور علاقائی امن کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
