اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ‘اسلام آباد مذاکرات’ کے دوسرے راؤنڈ کے لیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کو اعتماد میں لیا ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر نے ڈپلومیٹک انکلیو میں امریکی سفارتخانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کی کامیابی اور غیر ملکی مہمانوں کی حفاظت کے لیے غیر معمولی سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔\ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے
محسن نقوی نے کہاکہ ہم نے اپنے تمام خاص مہمانوں کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں اور ہم اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ امریکی سفیر نے اس موقع پر خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے مخلصانہ کردار کی تعریف کی۔ ملاقات میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر داخلہ کے ہمراہ اس اہم دورے پر ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن بھی موجود تھے، جنہوں نے متعلقہ سکیورٹی امور پر بریفنگ میں معاونت کی۔

